منشیات کیس: آریان خان کو گرفتار کرنے والے سابق افسر نے شاہ رخ خان پر 2 کروڑ روپے کا ہتک عزت مقدمہ دائر کردیا

سابق این سی بی افسر سمیر وانکھیڑے شاہ رخ خان اور ان کی پروڈکشن کمپنی ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ کے خلاف دہلی ہائی کورٹ میں ہتک عزت مقدمہ دائر کرتے ہوئے


 ممبئی – بالی ووڈ کے کنگ خان شاہ رخ خان ایک مرتبہ پھر قانونی تنازعے میں گھر گئے ہیں۔ ان کے بیٹے آریان خان کو 2021 میں منشیات کیس میں گرفتار کرنے والی ٹیم میں شامل سابق نارکوٹکس کنٹرول بیورو (NCB) افسر سمیر وانکھیڑے نے شاہ رخ خان اور ان کی اہلیہ کی پروڈکشن کمپنی ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کردیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، سمیر وانکھیڑے نے دہلی ہائی کورٹ میں 2 کروڑ روپے ہرجانے کا مطالبہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ آریان خان کی ہدایت کاری میں بننے والی نیٹ فلکس سیریز "دی باسٹرڈز آف بالی ووڈ" نے ان کی ذاتی اور پیشہ ورانہ ساکھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔
وانکھیڑے کا کہنا ہے کہ مذکورہ ویب سیریز میں انہیں منفی انداز میں پیش کیا گیا ہے جس سے ان کی ایمانداری اور پیشہ ورانہ کردار پر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ ان کے مطابق، وہ بطور سرکاری افسر اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہے ہیں اور آریان خان کی گرفتاری قانون کے مطابق عمل میں لائی گئی تھی۔
یاد رہے کہ آریان خان کو اکتوبر 2021 میں ممبئی کے ایک کروز شپ پر منشیات کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اس گرفتاری نے پورے بھارت میں تہلکہ مچا دیا تھا اور شاہ رخ خان کے خاندان کو شدید میڈیا دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔ بعد ازاں آریان خان کو ثبوتوں کی عدم موجودگی کے باعث رہا کردیا گیا تھا۔
اب اس واقعے کے بعد، آریان خان کی ہدایت کاری میں بننے والی سیریز میں مبینہ طور پر اسی کیس سے متعلق کردار اور کہانی دکھائی گئی ہے، جس پر سمیر وانکھیڑے نے اعتراض اٹھاتے ہوئے قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا ہے۔
قانونی ماہرین کے مطابق، اگر عدالت نے سیریز میں کردار نگاری کو ہتک عزت سمجھا تو ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ کو نہ صرف مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے بلکہ سیریز کی ریلیز بھی متاثر ہوسکتی ہے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی