کراچی : پاکستان کی معیشت میں مہنگائی کی نئی لہر نے قیمتی دھاتوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ سونے کی قیمت ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔
صرافہ ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق پیر کے روز سونے کی قیمت میں 5900 روپے فی تولہ کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد 24 قیراط فی تولہ سونا 4 لاکھ 3 ہزار 600 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
اسی طرح 10 گرام سونا بھی 5058 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 46 ہزار 21 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، جو ملک کی تاریخ میں اب تک کی سب سے زیادہ قیمت ہے۔
ماہرین معاشیات کا کہنا ہے کہ روپے کی قدر میں کمی، عالمی سطح پر سونے کی طلب میں اضافہ اور معاشی غیر یقینی صورتحال نے سونے کی قیمتوں کو ریکارڈ بلندیوں پر پہنچا دیا ہے۔
دوسری جانب عالمی منڈی میں بھی سونا مسلسل مہنگا ہو رہا ہے۔ انٹرنیشنل مارکیٹ میں فی اونس سونا 59 ڈالر اضافے کے بعد 3818 ڈالر تک پہنچ گیا ہے، جو رواں سال کی بلند ترین سطح ہے۔
صرافہ مارکیٹ کے تجزیہ کاروں کے مطابق آئندہ دنوں میں بھی سونے کی قیمت میں مزید اضافے کا امکان ہے، جس کے باعث سرمایہ کار سونا خریدنے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھ رہے ہیں۔
