بھارتی ٹیم کی ہٹ دھرمی برقرار، محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار,
0
دبئی ; بھارتی کرکٹ ٹیم کی ہٹ دھرمی ایک بار پھر کھل کر سامنے آگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایشیا کپ جیتنے کے باوجود بھارتی ٹیم نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے صاف انکار کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی ہدایات پر بھارتی ٹیم اپنے رویے میں کسی نرمی پر آمادہ نہیں۔ پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے انکار کے بعد اب بھارتی ٹیم نے ٹرافی وصولی کی تقریب میں بھی تنازع کھڑا کر دیا ہے۔
اس ہٹ دھرمانہ رویے کے باعث دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں ایشیا کپ کی فائنل تقریب تاخیر کا شکار ہو گئی ہے۔ تقریب میں شریک شائقین کرکٹ بھی بھارتی ٹیم کے اس فیصلے پر حیران اور مایوس نظر آئے۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق اے سی سی کے صدر محسن نقوی نے بھی اپنے فیصلے پر قائم رہنے کا عندیہ دیا ہے اور کہا ہے کہ ٹرافی وہی دیں گے اور بھارتی ٹیم کو اسے قبول کرنا ہوگا۔
کرکٹ مبصرین کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم کا یہ رویہ نہ صرف کھیل کی روح کے خلاف ہے بلکہ ایشیائی کرکٹ کے تعلقات پر بھی منفی اثر ڈال سکتا ہے۔ اس واقعے نے ایک مرتبہ پھر کھیل کے میدان میں سیاست کے رنگ بھر دیے ہیں۔