کراچی میں شہریوں کو جعلی ٹریفک چالان میسیجز ملنے لگے، ٹریفک پولیس کی وارننگ

کراچی میں ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں کو جعلی چالان میسیجز سے خبردار کرنے والا بینر


 کراچی— کراچی کے شہریوں کو حالیہ دنوں میں جعلی ٹریفک چالان کے ایس ایم ایس موصول ہونے لگے ہیں، جس پر کراچی ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ہوشیار رہنے اور کسی بھی مشکوک پیغام پر یقین نہ کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔

ٹریفک پولیس کے ترجمان کے مطابق متعدد شہریوں نے اطلاع دی ہے کہ انہیں نامعلوم نمبرز سے ٹریفک چالان کے نام پر پیغامات موصول ہورہے ہیں، جن میں ادائیگی کے لیے غیر مصدقہ لنکس بھیجے جارہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ پیغامات سراسر جعلی اور گمراہ کن ہیں اور ان کا کسی سرکاری ادارے سے کوئی تعلق نہیں۔

ترجمان نے واضح کیا کہ کراچی ٹریفک پولیس کسی بھی صورت میں شہریوں کو پرسنل نمبرز سے ایس ایم ایس نہیں بھیجتی اور نہ ہی کسی غیر سرکاری ویب سائٹ یا لنک کے ذریعے چالان کی ادائیگی کا مطالبہ کرتی ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اس قسم کے جعلی پیغامات کو فوری طور پر نظر انداز کریں اور کسی غیر مصدقہ لنک یا اکاؤنٹ پر رقم منتقل نہ کریں۔

ٹریفک پولیس کا مزید کہنا تھا کہ اگر کسی شہری کو جعلی پیغام موصول ہو تو وہ فوری طور پر ٹریفک پولیس ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کرے یا قریبی ٹریفک سیکشن آفس سے رجوع کرے۔

پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ چالان سے متعلق معلومات کے لیے صرف سرکاری ویب سائٹس اور مجاز پلیٹ فارمز کا استعمال کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ فراڈ یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی