کراچی کے ہوٹلوں کیلئے لے جایا جانے والا 4 ہزار کلو مردہ مرغیوں کا گوشت موٹروے پر پکڑا گیا

موٹروے ایم فائیو پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، مردہ مرغیوں کا گوشت برآمد

 رحیم یار خان — پنجاب فوڈ اتھارٹی نے موٹروے ایم فائیو پر شاندار کارروائی کرتے ہوئے 4 ہزار کلو (تقریباً 90 من) مضر صحت مردہ مرغیوں کا گوشت قبضے میں لے لیا جو کہ کراچی کے ہوٹلوں اور فاسٹ فوڈ پوائنٹس پر سپلائی کیا جانا تھا۔

ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق یہ گوشت وہاڑی سے کراچی منتقل کیا جا رہا تھا، جسے ایک مسافر بس میں خفیہ طریقے سے رکھا گیا تھا۔ کارروائی کے دوران فوڈ سیفٹی ٹیم نے بس کو روک کر تلاشی لی اور مردہ مرغیوں سے بھری بوریوں کو برآمد کرلیا۔

 کارروائی میں 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور ان کے خلاف مقدمات درج کر دیے گئے۔
 پنجاب فوڈ اتھارٹی نے تمام مردہ مرغیوں کا گوشت موقع پر ہی تلف کر دیا تاکہ اسے مارکیٹ میں فروخت ہونے سے روکا جا سکے۔

⚠️ پہلے بھی ایسے واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں

اس سے قبل بہاولنگر میں بھی فوڈ سیفٹی ٹیم نے ریلوے گول چکر کے قریب کارروائی کرتے ہوئے سینکڑوں مردہ مرغیاں برآمد کی تھیں جو فاسٹ فوڈ پوائنٹس کو سپلائی کی جا رہی تھیں۔ وہاں بھی دو ملزمان کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں مردہ گوشت تلف کر دیا گیا تھا۔

ٹولنٹن مارکیٹ میں بھی کارروائی

ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے ٹولنٹن مارکیٹ میں میٹ سیفٹی ٹاسک فورس کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے 1,800 کلو بیمار مرغیاں تلف کیں اور واضح کیا کہ ایسے مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی گئی ہے

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی