لاہور– وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کارپوریٹ کرائم سرکل لاہور نے غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے لاہور اور شیخوپورہ میں چھاپے مارے اور حوالہ ہنڈی، کرنسی ایکسچینج، انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق، لاہور میں کی گئی کارروائیوں کے دوران غیر قانونی کرنسی ایکسچینج اور حوالہ ہنڈی کے نیٹ ورک کو نشانہ بنایا گیا، جس میں دو اہم ملزمان محمد عمران عامر اور محمد احمد کو گرفتار کیا گیا۔
حکام کے مطابق، گرفتار ملزمان کے قبضے سے 7 لاکھ روپے مالیت کی ملکی کرنسی، حوالہ ہنڈی سے متعلق اہم دستاویزات، ڈیجیٹل شواہد اور کرنسی ایکسچینج کا ریکارڈ برآمد کیا گیا ہے۔
دوسری جانب، ایف آئی اے لاہور زون نے شیخوپورہ میں کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث خطرناک ملزم محمد عرفان کو بھی گرفتار کر لیا۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم شہریوں کو بیرون ملک ملازمتوں کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورتا رہا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق، محمد عرفان نے ایک شہری کو کینیڈا میں ملازمت دلانے کا جھانسہ دے کر 62 لاکھ روپے ہتھیا لیے لیکن بیرون ملک بھیجنے میں ناکام رہا اور بھاری رقوم وصول کرنے کے بعد روپوش ہو گیا تھا۔ تاہم، ایف آئی اے کی جدید ٹیکنالوجی اور سراغ رسانی کے ذریعے اسے گرفتار کر لیا گیا۔
ایف آئی اے ترجمان نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ غیر قانونی کرنسی ایکسچینج، حوالہ ہنڈی اور غیر رجسٹرڈ ویزہ ایجنٹس کے جھانسے میں نہ آئیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوراً ادارے کو دیں۔
