واشنگٹن – امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تعریفوں کے پل باندھ دیے اور انہیں جنوبی ایشیا میں امن قائم کرنے والا ایک ’’انتہائی مؤثر اور اہم رہنما‘‘ قرار دیا۔
امریکی محکمہ جنگ میں سینئر فوجی جنرلز سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ اپنی صدارت کے دوران انہوں نے سات بڑی جنگیں ختم کرائیں جن میں سے ایک پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ ایٹمی جنگ تھی۔
ٹرمپ نے کہا:
’’میں نے جنگیں رکوانے کے لیے صرف طاقت نہیں بلکہ تجارت کو بھی بطور ہتھیار استعمال کیا۔ میں نے پاکستان اور بھارت دونوں کو کہا کہ جنگ روکو اور تجارتی معاہدے کی طرف آؤ۔ دونوں ملک ایٹمی طاقتیں ہیں اور ان کے درمیان تنازعہ پوری دنیا کو متاثر کر سکتا تھا۔‘‘
سابق امریکی صدر نے بتایا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان ہونے والی اس کشیدگی کے دوران سات لڑاکا طیارے بھی گرائے گئے، لیکن انہوں نے بروقت مداخلت کر کے صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکا۔
’’فیلڈ مارشل عاصم منیر نے میری مداخلت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اگر جنگ ہو جاتی تو اس کے نتائج بہت بھیانک ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ میری کوششوں نے لاکھوں جانیں بچائیں۔‘‘
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ان کلمات کو وہ اپنے لیے ایک اعزاز سمجھتے ہیں۔
’’فیلڈ مارشل کی جانب سے کیا گیا یہ تبصرہ میرے لیے نہایت اہم تھا، کیونکہ وہ پاکستان میں ایک نہایت بااثر اور کلیدی شخصیت ہیں۔‘‘
ٹرمپ کے مطابق یہ گفتگو انہوں نے دو امریکی جنرلز کی موجودگی میں کی، اور ان کا ماننا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر جیسے قائدین کی بدولت ہی خطے میں امن کی امید برقرار ہے۔