سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیراعظم شہباز شریف کی دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات، دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرتے ہوئے۔

 اسلام آباد  سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے دی گئی دورہ پاکستان کی دعوت باضابطہ طور پر قبول کرلی۔

وزارتِ خارجہ کے حکام کے مطابق محمد بن سلمان 31 دسمبر سے پہلے پاکستان کا دورہ کریں گے، جسے دونوں برادر اسلامی ممالک کے تعلقات میں ایک نئی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق محمد بن سلمان کے متوقع دورے کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی، اقتصادی اور سرمایہ کاری سے متعلق اہم معاہدوں پر بات چیت کی جائے گی۔ دونوں ممالک علاقائی سلامتی، توانائی، سرمایہ کاری، اور باہمی تعاون کے نئے منصوبوں پر بھی غور کریں گے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم شہباز شریف نے ریاض کا سرکاری دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے سعودی ولی عہد سے ملاقات کے دوران باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے ایک اہم دفاعی معاہدے پر بھی دستخط کیے، جس کے تحت کسی بھی ایک ملک کے خلاف جارحیت کو دونوں ممالک کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق محمد بن سلمان کا یہ دورہ نہ صرف پاک سعودی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا بلکہ خطے میں سفارتی اور دفاعی تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز بھی کرے گا۔

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی