لاہور – کرکٹ کی دنیا میں شائقین کا جوش و خروش عروج پر پہنچ گیا ہے کیونکہ 41 سال کی طویل تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان اور بھارت ایشیا کپ کے فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے۔ پاکستان نے بنگلہ دیش کو ایک سنسنی خیز مقابلے میں 11 رنز سے شکست دے کر فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لی ہے، جہاں اس کا مقابلہ روایتی حریف بھارت سے ہوگا۔
ایشیا کپ کی شروعات 1984 میں ہوئی تھی، اور 2023 تک 16 مرتبہ یہ ٹورنامنٹ کھیلا جا چکا ہے۔ اس دوران پاکستان اور بھارت کئی بار ایک دوسرے کے خلاف گروپ اسٹیج اور سپر فور مرحلوں میں آمنے سامنے آئے، مگر حیران کن طور پر دونوں ٹیمیں کبھی بھی فائنل میں ایک دوسرے کے مقابل نہ آسکیں۔
تاہم اب تاریخ رقم ہونے جا رہی ہے۔ پہلی بار ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان اور بھارت ایک دوسرے کے مد مقابل ہوں گے۔ پاکستان گروپ مرحلے اور سپر فور میں بھارت کے ہاتھوں شکست کھا چکا ہے، لیکن قومی ٹیم کے کپتان سلمان آغا نے امید ظاہر کی ہے کہ ٹیم فائنل میں بھرپور کھیل پیش کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کرے گی۔
شائقین کرکٹ کے لیے 28 ستمبر 2025 ایک یادگار دن ثابت ہونے جا رہا ہے جب ایشیا کپ کے فائنل میں دونوں روایتی حریف مدمقابل ہوں گے۔ یہ میچ نہ صرف ایشیا کپ کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کرے گا بلکہ دونوں ممالک کے کروڑوں مداحوں کے لیے بھی ناقابل فراموش لمحہ ہوگا۔
واضح رہے کہ بھارت اب تک سب سے زیادہ آٹھ مرتبہ ایشیا کپ جیت چکا ہے، سری لنکا چھ بار فاتح رہا ہے جبکہ پاکستان نے یہ ٹائٹل دو مرتبہ اپنے نام کیا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا پاکستان تیسری بار ٹرافی اپنے نام کر پائے گا یا بھارت نویں مرتبہ ایشیا کا تاج جیتے گا۔
