
پنجگور: بلوچستان کے ضلع پنجگور میں افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جہاں ایک بس اور گاڑی میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث کم از کم 8 افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق حادثہ پنجگور کے علاقے گومازین بازار میں پیش آیا، جہاں مسافروں سے بھری ایک بس اور کار میں تیز رفتاری کے باعث ٹکر ہو گئی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ دونوں گاڑیوں میں فوری طور پر آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
لیویز ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر جاں بحق افراد اور زخمی کو قریبی ڈسٹرکٹ ٹیچنگ اسپتال منتقل کر دیا ہے۔ تاہم، تاحال جاں بحق افراد کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق حادثے کے پیش نظر ہنگامی صورتحال نافذ کر دی گئی ہے اور زخمی کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق واقعہ تیز رفتاری اور ممکنہ طور پر ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا۔ مقامی انتظامیہ نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
یہ واقعہ ایک بار پھر بلوچستان میں سڑکوں پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور گاڑیوں کی غیر معیاری حالت کے باعث ہونے والے حادثات کی نشاندہی کرتا ہے، جو آئے روز قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا باعث بنتے ہیں۔